ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عدلیہ کا احترام برقرار رکھنے کے لیے عدالتیں توہین عدالت کے حقوق کا استعمال کریں:سپریم کورٹ

عدلیہ کا احترام برقرار رکھنے کے لیے عدالتیں توہین عدالت کے حقوق کا استعمال کریں:سپریم کورٹ

Thu, 03 Nov 2016 06:05:58    S.O. News Service

نئی دہلی 2 /نومبر(آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز) سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ اگر عدلیہ کے وقار کو ٹھیس پہنچانے کی منصوبہ بند کوشش کی جاتی ہے تو عدالتوں کو ایسا کرنے والوں کو سزا دینے کے لیے توہین عدالت کے اپنے حق کا استعمال کرنا چاہیے۔جسٹس اے آر دوے اور جسٹس این ناگیشور راؤ کی بنچ نے حال ہی میں ایک فیصلے میں کہاہے کہ آئین کے آرٹیکل 19میں ہر شہری کو اظہاررائے کا بنیادی حق دیا گیا ہے، اس حق کو محدود کرنے والے نکات میں ایک عدالت کی توہین ہے، ہم محتاط ہیں کہ توہین کے قانون کے تحت اس حق کا عام طریقے سے نہیں بلکہ صرف کبھی کبھار استعمال کرنا پڑے گا۔بنچ نے توہین عدالت کے ایک معاملے میں راجستھان ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر عدلیہ کی اہمیت کو کم کر نے کی منصوبہ بند کوشش کی جاتی ہے تو عدالتوں کو توہین کرنے والے کو سزا دینے کے لیے اپنے اس حق کا استعمال کرنا چاہیے۔عدالت عظمی نے اس معاملے کے حقائق کو دیکھتے ہوئے ہائی کورٹ کے فیصلے میں اصلا ح کرتے ہوئے کہا کہ توہین عدالت کے مجرم ہر شخص کو جیل کی سزا بھگتنے کے بجائے صرف دو دو ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ہائی کورٹ نے مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے چار کارکنوں کو عدلیہ کے خلاف قابل اعتراض بیان دینے کے معاملے میں دو ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔ان کارکنوں نے 18/دسمبر 2000کو شری گنگا نگر ضلع کے ایک ٹریڈ یونین لیڈر کے قتل کے معاملے میں ہائی کورٹ کی طرف سے فروری 2001میں کچھ ملزمان کو پیشگی ضمانت دیئے جانے پر یہ بیان دیا تھا۔
 


Share: